کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان اپنے ہی اتحادی کے خلاف الیکشن کمیشن پہنچ گئے اور شکایت کی کہ میئر کراچی پی ایس 94 میں ترقیاتی کام کروا رہے ہیں انہیں بند کروایا جائے اور ضمنی انتخابات کی تاریخ بڑھائی جائے۔الیکشن کمیشن سندھ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہاکہ ہم نے درخواست کی ہے کہ پی ایس 94 میں ہونے والے الیکشن
کی تاریخ تبدیل، پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر آرمی اور رینجر کو تعینات اور سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ دوران الیکشن ترقیاتی کام بند کروائے جائیں، کراچی پہلے بھی پاکستان کا تھا ہے اور رہے گا ، آج ایم کیو ایم ہماری اتحاد ی ہے لیکن الیکشن میں تو مقابلہ ہوتا ہے۔دوسری جانب حلیم عادل شیخ نے مرتضی وہاب کی حیثیت سے تعیناتی عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔