لاہور( نیوز ڈیسک ) گرمیوں کے بعد پاکستانی قوم کو اب سردیوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شدید دھندسے سسٹم ٹرپ کرنے کے باعث بد ترین لوڈ شیڈنگ سے عوام کے معمولات زندگی اور کاروباری اور صنعتی سر گرمیاں بری طرح متاثر ہیں ، جبکہ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ سسٹم کو بچانے کیلئے وقتی طو رپر لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔
ذرائع کے مطابق درجن سے زائد پاور پلانٹس اور 500 کے وی ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کرنے سے بجلی کا بحران شدید ہو گیا ہے جس سے نہ صرف عوام کے معمولات زندگی بلکہ کاروباری اور صنعتی سر گرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں ۔ذرائع کے مطابق این ٹی ڈی سی کے سسٹم کو اپ گریڈ ہی نہیں کیا گیا اور اب بھی پیشگی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب اور رسد میں واضح فرق کی وجہ سے گزشتہ روز بھی مختلف شہری علاقوں میں 10سے 12جبکہ دیہی علاقوں میں 16سے 18گھنٹے لوڈ شیڈنگ ریکارڈ کی گئی ۔اسلام آباد سے جاری بیان میں وفاقی وزیرتوانائی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی کی پیداواراورترسیل معمول کے مطابق ہے، اینٹی فوگ ڈسکس لگانے کے باوجود دھند نے سسٹم کو متاثر کیا، سسٹم کو بچانے کیلئے وقتی طورپرلوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ رحیم یارخان سے گدولائن پر 500 کے وی لائن شدید دھند کی وجہ سے ٹرپ ہو گئی ہے، فالٹ لائنز کا تعین کرکے مرمت کے لئے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک میں شارٹ فال 2 ہزار میگاواٹ ہے،ملک میں بجلی کی طلب 14 ہزار جب کہ پیداوار 12 ہزار میگاواٹ ہے۔سردیوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کو دیکھتے ہوئے سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر ایسا ہی ایک پیغام تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں یو پی ایس کی تصاویر
کیساتھ یہ عبارت لکھی ہوئی ہے کہ ’’جن کے پاس یو پی ایس نہیں وہ فوری طور پر یو پی ایس لے لیں کیونکہ اگر سردیوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی یہ حالت ہے تو اس بار گرمیوں میں ن لیگ کی نہیں پی ٹی آئی کی حکومت ہے ‘‘۔