لاہور( این این آئی) شدید دھند کے پیشِ نظر ٹریفک انسپکٹرز ، لوکو انسپکٹرز ، سنگنل اینڈ انٹر لاکنگ انسپکٹرز ،پرمانینٹ وے انسپکٹر کے علاوہ اسسٹنٹ و ڈویژنل افسران بھی ٹرین انجنوں میں ڈیوٹیاں کریں گے۔ اس ضمن میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن محمد سفیان سرفراز ڈوگر کی ہدایت پر ڈویژنل ٹرابسپورٹیشن آفیسر ناصر نزیر نے 5 جنوری سے 13 جنوری تک فٹ پلیٹ انسپکشن کا باقاعدہ شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔ ریلوے لاہور ڈویژن کی طرف سے جاری کیے گئے
شیڈول کے مطابق افسران اور ریلوے ٹریفک سے متعلقہ تمام انسپکٹرز ہر ٹرین کے انجن میں سفر کریں گے۔ جس سے ہر ٹرین کے انجن میں دن اور رات ایک ذمہ دار افسر ضرور ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ریلوے لاہور ڈویژن کے افسران و انسپکٹرز ٹرین انجنوں میں لاہور سے فیصل آباد، راولپنڈی، لالہ موسی، ساہیوال، خانیوال تک سفر کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی ایس ریلوے لاہور کا کہنا تھا کہ شدید دھند میں ہر ممکن کوشش کرکے مسافروں کیلئے ٹرین کے سفر کو محفوظ بنایا جائے گا۔