اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر فیصل واواڈا نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ مہمند ڈیم کو کالا باغ کی طرح متنازعہ بنانے کی اجازت نہیں دی جائیگی ٗ مہمند ڈیم کا افتتاح 13 جنوری 2019ء کو ہوگا ٗ تعمیر ہر صورت ہوگی ۔ ایک انٹرویومیں وفاقی وزیر نے کہاکہ ایک طویل عرصے کے بعد ملک میں ایک ڈیم تعمیر ہونے والا ہے جسے کالاباغ ڈیم کی طرح متنازعہ بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، وزیرفیصل واوڈا نے کہا کہ مہمند ڈیم کا افتتاح 13 جنوری 2019ء کو ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں ڈیم تعمیر نہیں کیے جا سکے تاہم موجودہ حکومت نے پانی کا ذخیرہ کرنیکے لئے ڈیموں کی تعمیر کا عزم کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے ڈیم پر سیاست کر رہی ہیں ۔ فیصل واوڈا نے ڈیم کی تعمیر کو ایک میگا قومی منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملکی خزانہ لوٹنے والوں کو قومی مصالحتی آرڈیننس (این آر او) نہیں دیا جائے گا۔