اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بالائی علاقوں سمیت پنجاب کے چند اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ، بالائی سندھ میں دھند پڑنے کا امکان، محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج جمعہ کے روز ملک کے بالائی علاقوں سمیت پنجاب کے چند اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں صبح سے گھنے بادل چھائے رہے جس کے سبب درجہ حرارت
بھی8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔پنجاب کے اضلاع سرگودھا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں جمعہ کے روز مطلع صاف رہے گا تاہم کوئٹہ اور ژوب میں بارش کا امکان ہے۔ زیارت اور کوئٹہ کا درجہ حرارت منفی 3 تک گر سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ میں بھی چند مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔