اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے واضح کیا ہے کہ اسکولوں کی فیس میں کمی کا حکم صرف چند اسکولوں کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے ہے، اگر کسی کو ابہام ہے تو ہمیں فائل دیں، پڑھ کے سب کو بتا دیتے ہیں۔ جمعہ کو سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اسکولوں کی فیس میں کمی کا حکم صرف 22 یا 27 اسکولوں کے لیے نہیں تھا، یہ حکم پورے ملک میں 5 ہزار
سے زائد فیس لینے والے تمام اسکولوں پر لاگو ہے۔چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ہم نے فیسوں میں کمی کا کہا تو انتظامیہ نے اسکول بند کرنے شروع کردیئے، اگر کسی کو ابہام ہے تو ہمیں فائل دیں، پڑھ کے سب کو بتا دیتے ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 13 دسمبر کو سپریم کورٹ نے 5 ہزار روپے سے زائد فیس لینے والے نجی اسکولوں کو فیس میں 20 فیصد کمی کرنے اور 2 ماہ کی چھٹیوں کی فیس کا 50 فیصد والدین کو واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔