اسلام آباد/کشمور/لاہور/کوئٹہ (نیوز ڈیسک )شدید دھند کے باعث گڈو تھرمل پاور ہائوس کے تین یونٹ ٹرپ کرجانے کے باعث سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ۔ذرائع کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے تھرمل پاور گڈوہائوس کے 747 میگاواٹ کے تین یونٹ اچانک ٹرپ کر گئے اور بجلی سسٹم سے نکل جانے کے باعث سندھ سمیت پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بجلی کی فراہم بند ہوگئی۔گڈو تھرمل ذرائع کے مطابق
آپریشنل عملے نے فنی خرابی کو دور کرنے کے لئے فوری کام شروع کر دیا ۔بدھ کے روز بھی دھند کے باعث 4 پاور پلانٹس گدو، بلوکی، نشاط اور نشاط چونیاں ٹرپ کر گئے تھے جس سے مجموعی طور پر 2500 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا رہا ۔پاوپلانٹس کی بندش کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ، پنجاب، سندھ، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جبکہ گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور فاٹا کے بھی علاقے بجلی سے محروم ہو چکے ہیں۔