لاہور(نیوز ڈیسک )پنجاب میں شدید دھند اور فنی خرابی کی وجہ سے چارپاور پلانٹس ٹرپ کر گئے ،سسٹم سے مجموعی طور پر 2500میگا واٹ بجلی نکلنے سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا جس سے عوام کے معمولات زندگی بری طرح متاثرہوئے ۔پیپکو حکام کے مطابق شدید دھند اور فنی خرابی کی وجہ سے گدو، بلوکی، نشاط اور نشاط چونیاں پاور پلانٹس اچانک ٹرپ کر گئے جس سے سسٹم میں مجموعی طور پر 2500 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا۔
شارٹ فال پر قابو پانے کے لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ عارضی طور پر بڑھا دیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ لیسکو کا کوٹہ 2 ہزار میگاواٹ سے کم کر کے ایک ہزار کر دیا گیا ہے ۔لاہور کے متعدد فیڈرز بند ہونے کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہر میں ہر ایک گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کے لیے فیڈر بند کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق لیسکو کے علاوہ میپکو او ر فیسکو سمیت دیگر تقسیم کارکمپنیوں میںبھی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔ فنی خرابی کو دور کرنے کیلئے فوری کام شروع کردیا گیا ۔