کراچی(این این آئی) جامعہ کراچی کی طالبات کو ہراساں کرنے کے کیس میں محتسب اعلی نے لیکچرر پر لگے الزامات کو درست قرار دے دیا۔صوبائی محتسب اعلی نے الزامات کو درست قرار دیتے ہوئے جامعہ کراچی کے پروفیسر حسن عباس زیدی کو نوکری سے فارغ کرنے اور پچاس ہزار جرمانے کی سزا سنا دی ۔وائس چانسلر جامعہ کراچی کے مطابق ابھی تک ہمارے پاس فیصلہ نہیں آیا، فیصلہ آتے ہی قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔واضح رہے کہ جامعہ کراچی کی طالبہ نے
پروفیسر پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ نمبروں کے نام پر ایک پروفیسر بلیک میل کرتے ہیں، پروفیسر کہتے ہیں باہر ملو، فون پر بات کرو، ملنے آؤ، تصویریں دو تو پاس ہوجاؤ گی۔دوسری جانب پروفیسر نے تمام الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیل ہونے والے طالب علموں نے بدلہ لینے کیلئے میرے خلاف سازش کی ہے ۔واضح رہے کہ جامعہ کراچی میں متعلقہ لیکچرار کیخلاف ایک ماہ کے دوران طالبات کو ہراساں کرنے کی 3 شکایات درج تھیں۔