اسلام آباد (این این آئی) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان ، ہکلہ موٹر وے کا تعمیراتی کام رواں مالی سال کے آخر تک مکمل ہو جائیگا ۔حکام کے مطابق 285 کلومیٹر طویل ڈیرہ اسماعیل خان۔ ہکلہ موٹر وے چین پاکستان اقتصادی راہداری کا حصہ ہے ٗیہ موٹر وے رواں مالی سال کے آخر تک 129 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔ موٹر وے سے ڈیرہ اسماعیل خان اور بلوچستان میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں تیز ہوں گی۔منصوبے کی بروقت تکمیل
یقینی بنانے کیلئے ہکلہ ، ڈیرہ اسماعیل خان موٹر وے کو یارک رحمانی خیل سیکشن ، رحمانی خیل۔کوٹ بیلیاں سیکشن۔ کوٹ بیلیاں تراپ سیکشن ، تراپ ، پنڈی گھیب سیکشن اور پنڈی گھیب ، ہکلہ انٹرچینج سیکشن سمیت پانچ مراحل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کے درمیان اہم شعبوں میں تعاون پر مبنی اقدامات اور منصوبوں کا جامع پیکج ہے جس میں اطلاعات نیٹ ورک، بنیادی ڈھانچے، توانائی، صنعتیں، زراعت، سیاحت اور متعدد دوسرے شعبے شامل ہیں۔