اسلام آباد (نیوز ڈیسک) العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں فیصلوں کے خلاف اپیل سے پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئے بنچ تشکیل دے دیئے گئے، سردیوں کی چھٹیوں میں بھی ڈویژن بنچ سماعت کیلئے دستیاب رہے گا۔ نجی ٹی ووی کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں 9 جنوری تک موسم سرما کی چھٹیوں کے باوجود ڈویژن بنچ سماعت کیلئے دستیاب رہے گا۔ رجسٹرار آفس نے ابتدائی طور
پر 4 جنوری تک کا ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا ہے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی 31 دسمبر اور یکم جنوری کو ڈویژن بنچ میں کیس سنیں گے۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی دو جنوری کو ڈویژن بنچ میں کیسز کی سماعت کریں گے۔تین جنوری کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور جسٹس عامر فاروق ڈویژن بنچ میں کیسز کی سماعت کریں گے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب 31 دسمبر سے چار جنوری تک چھٹیوں پر ہوں گے۔چیف جسٹس 31 دسمبر سے چار جنوری تک سنگل بنچ میں سماعت کریں گے۔ سنگل بنچ جسٹس عامر فاروق دو سے چار جنوری تک کیسز کی سماعت کریں گے۔جسٹس محسن اختر کیانی 31 دسمبر سے دو جنوری تک سنگل بنچ میں کیسز کی سماعت کریں گے۔ نیب ریفرنسز میں فیصلوں کے خلاف فریقین چار جنوری تک اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ نواز شریف کے وکلا کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے تحریری فیصلہ اور متعلقہ ریکارڈ احتساب عدالت سے حاصل کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب نیب نے بھی احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم کی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے چیئرمین نیب نے نیب کی لیگل ٹیم کو بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں اترنے کی ہدایت دی ہے۔