اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس آف پاکستان نے شادی ہالز کے اوقات بڑھانے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے شادی ہالز کی بندش کا نوٹس لے لیا۔چیف جسٹس نے ڈی سی لاہور صالحہ سعید کو شادی ہالز کے اوقات کار میں تبدیلی کا جائزہ لینے کی ہدایت کر دی، دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ دولہنیں تیار ہو کر گاڑی میں بیٹھی رہ جاتی ہیں مگر
شادی ہال بندکردئیے جاتے ہیں۔ گوٹے کنارے لگے کپڑے پہنے دولہنیں پریشان ہو جاتی ہیں۔اس موقع پر چیف جسٹس نے خاتون ڈی سی لاہور صالحہ سعید سے کہا کہ ایسے مواقع پر آپ بھی تو گوٹے کنارے لگے کپڑے پہنتی ہوں گی۔چیف جسٹس کے مخاطب کرنے پر ڈی سی لاہور کھل کھلا کر ہنس پڑیں۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں،دس بجے تو سڑکوں پرٹریفک ہوتی ہے۔ شادی ہالز کے تین گھنٹے کے اوقات کار کو شہر کی ٹریفک کے حساب سے گیارہ بجے کر لیا جائے۔