اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں قیام کرنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور باشندوں سے بھی موبائل سم استعمال کرنے پر ٹیکس وصول کیا جائے گا، ایک موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پاکستان میں تیس دن سے زائد قیام پر غیر ملکی سرمایہ کاروں اور باشندوں کے پاکستانی کمپنی کی موبائل فن سم استعمال کرنے پر ٹیکس اور ڈیوٹی وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ
غیر ملکی سرمایہ کاروں اور باشندوں کو موبائل فون کی رجسٹریشن کروا کر پی ٹی اے سے سرٹیفکیٹ آف کمپلائنس حاصل کرنا ہوگا۔ اس بارے میں ایف بی آر نے ملک بھر کے ائیر پورٹس پر موبائل فون رجسٹریشن کاؤنٹرز کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ اگر کوئی غیر ملکی اپنے موبائل کی رجسٹریشن کرائے بغیر پاکستانی سم استعمال کرے گا تو اس کا موبائل تیس دن کے بعد بلاک کر دیا جائے گا۔