گڑھی خدا بخش (آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت کے خلاف محاذ آرائی کا فیصلہ کرتے ہوئے خبردار کیاہے کہ آصف زرداری کو گرفتار کیا گیا تو نتائج اچھے نہیں ہونگے ، خطرناک نتائج کی ذمہ داری صرف وفاقی حکومت ہو گی،حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لئے انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے،یہ کونسا احتساب ہے جو پہلے سے لیک ہو جاتا ہے ، بلا تفریق احتساب نہیں ہو گا تو پورا سسٹم متزلزل ہو جائے گا ، 18 ویں ترمیم کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،
پارلیمان کے فیصلوں کا احترام کیا جائے، لگتا ہے معاملات صدارتی نظام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔بدھ کو پی پی پی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی ( سی ای سی) اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنماؤں فرحت اللہ بابر ،شیری رحمان اور قمرزمان کائر ہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔اس دوران فرحت اللہ بابر نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں کررہی ہے ۔ انتقامی کارروائیاں بڑھتی گئیں تو ہمیں کچھ کرنا پڑے گا ۔ انتقامی کارروائیوں کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خطرناک نتائج کی ذمہ داری صرف وفاقی حکومت ہو گی ۔ 18 ویں ترمیم کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ پارلیمان کے فیصلوں کا احترام کیا جائے لگتا ہے معاملات صدارتی نظام کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف محاذ آرائی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاہے کہ آصف زرداری کو گرفتار کیا گیا تو نتائج اچھے نہیں ہونگے ۔ ہم حکومت اور ان تمام اداروں کو خبر دار کر رہے ہیں ۔ ادارے آئینی اور قانونی اختیارات سے تجاوز کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام نتائج کے ذمہ دار موجودہ حکومت ہو گی ۔ ہم نے پارٹی کی جانب سے تمام لوگوں کو آگاہ کر دیا ہے ۔ ہم نے دمادم مست قلندر کی بات نہیں کی ۔ حکومت کو کہا ہے کہ انتقامی کارروائی بند کر دیں ۔اس موقع پر شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی بھی دور میں احتساب سے نہیں گھبرائی ۔ حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لئے کارروائیاں کر رہی ہے ۔ یہ کونسا احتساب ہے جو پہلے سے لیک ہو جاتا ہے ۔ بلا تفریق احتساب نہیں ہو گا تو پورا سسٹم متزلزل ہو جائے گا ۔ اس موقع پر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اداروں سے لڑنے والی جماعت نہیں ۔