کراچی(اے این این ) قومی ایئرلائن پی آئی اے کی مالی رپورٹ کے مطابق سال 2018 بھی خسارے اور مشکلات کا سال رہا، مجموعی خسارے کی اڑان 450 ارب روپے تک جا پہنچی۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی مالی رپورٹ مرتب ہوگئی ہے ، رواں سال کے رپورٹ بھی خسارے کی رپورٹ ہے ، گزشتہ برس کی نسبت 15 ارب روپے زائد خسارے کا سامنا رہا۔پی آئی اے کی مالی رپورٹ کے مطابق 2018 میں روپے کی قدر میں بارہ فیصد
گراوٹ اورایندھن کی قیمتوں میں 24 فیصد اضافہ بھی ادارے کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر اسٹاک ایکسچینج نے پی آئی اے کو ڈیفالٹر قراردیا ۔ سال دوہزار اٹھارہ میں اے ٹی آر کے دو طیاروں کوحادثے کی وجہ سے بھی شدید نقصان اٹھانا پڑا۔دوسری جانب وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابقہ دور میں اوپن اسکائی پالیسی کی وجہ سے پی آئی اے نقصان سے دوچار ہوئی۔