اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) راولپنڈی راجہ بازار کے ایس ایچ او سٹی سلطان قمر نے بہادری کا مثال قائم کر دی، ڈکیتی کی واردات ناکام بناتے ہوئے تین میں سے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا، ڈاکوئوں کی ساتھی کو چھڑانے کیلئے ایس ایچ او پر فائرنگ، ایس ایچ او نے گرفت میں آئے ڈاکوکو دبوچے رکھا، ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے معروف اور مصروف ترین بازار
میں ایس ایچ او سٹی سلطان قمر نے اس وقت بہادری کی مثال قائم کر دی جب انہوں نے ایک ڈکیتی کی واردات ناکام بناتے ہوئے تین ڈاکوئوں کو بھاگنے پر مجبورکر دیا، ایس ایچ او تھانہ سٹی نے اسی پر بس نہیں کی بلکہ بھاگتے ہوئے تین میں سے ایک ڈاکو کو دبوچ بھی لیا ۔ اس دوران ایس ایچ او سلطان قمر کی گرفت سے بچانے کیلئے ڈاکو کے ساتھی ایس ایچ او پر سیدھے فائر کرتے رہے مگر انہوں نے جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ڈاکو کو اپنی گرفت سے نہ نکلنے دیا۔ دیگر دو ڈاکو اپنے ساتھی کو چھوڑ کر بالآخر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ تمام تر واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جس میں ایس ایچ او سٹی راولپنڈی کو بہادری سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے ایس ایچ او سلطان قمر کی بہادری پر انہیں داد دیتے ہوئے سراہا ہے۔ عوامی حلقوں میں بھی ایس ایچ او تھانہ سٹی کی بہادری کی تعریف کی گئی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ سٹی سلطان قمر نے جیسے سرفروشی اور بہادری کی مثال قائم کی ہے وہ دیگر پولیس اہلکاروں اور افسران کیلئے ایک مثال ہے۔واضح رہے کہ کچھ عرصے سے راولپنڈی میں سٹریک کرائمز اور رہزنی کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا تھا جس کے پیش نظر اعلیٰ پولیس افسران نے ہر ایس ایچ او کو اپنے اپنے حلقے میں کڑی نگرانی اور گشت کی ہدایت کر رکھی تھی۔