کراچی(آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کے معاون خصوصی وقار مہدی اور راشد ربانی کو کنفرم ٹکٹ ہونے کے باوجود پی آئی اے کی کراچی سے سکھر جانے والی فلائٹ پی کے 530 سے اتار دیا گیا ہے۔وقار مہدی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کونشانہ بنایا گیا اور جان بوجھ کر آف لوڈ کیا گیا ہے۔ متاثرین نے کہا کہ ہم نے 15 روز قبل ٹکٹ بک کرائی اور ائیرپورٹ 10:45 پر پہنچے تھے جبکہ فلائٹ کا ٹائم 12 بجے کا تھا۔وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی نے بیان دیا ہے کہ سوچے سمجھے منصوبے کے
تحت اپوزیشن کو تنگ کیا جارہا ہے، پی آئی اے کاونٹر پر احتجاج کیا لیکن کسی نے ایک نہ سنی۔انہوں نے کہا کہ حکام کو آگاہ کیا ٹکٹ کنفرم ہے اس کے باوجود ہمیں یہ کہہ کر روکا گیا کہ جگہ نہیں ہے۔ترجمان پی آئی اے نے واقعہ پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ آپریشنل وجوہات کی بنا پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنی پڑ جاتی ہے اور ائیر لائن کے پاس اختیارات ہیں کے وہ کسی کی بھی سیٹ تبدیل کرسکتی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ ہم نے پیپلزپارٹی رہنماؤں کو شام کی پرواز آفر کی ہے اگر وہ جانا چاہیں تو جاسکتے ہیں۔