اسلام آباد (این این آئی)نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ نیب کو استعمال کرتے ہوئے 60سے70سیاستدانوں کو سیاست سے نکالنے کی سازش کی جا رہی ہے، نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کا فیصلہ انتہائی کمزور ہے جس سے عدالتوں کے وقار پر حرف آئیگا۔
پیرکو نوازشریف کے خلاف فیصلے پر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہررد عمل دیتے ہوئے سینیٹر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت نے انتہائی کمزور فیصلہ دیا ہے جس سے عدالتوں کے وقار پر حرف آئے گا۔اس سے قبل بھی ہائی کورٹ نواز شریف کے خلاف ایک کمزوف فیصلہ معطل کر چکی ہے۔نیب نواز شریف کے خلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات ثابت نہیں کر سکا۔ ایسا لگ رہا ہے جیسے ججز سے جبر اور زبردستی فیصلے کروائے جا رہے ہیں۔ایسی خبریں بھی آ رہی ہیں کہ اگلے2سال میں نیب کو استعمال کرتے ہوئے 60سے70سیاستدانوں کو سیاست سے نکالا جائے گا اور ان پر جھوٹے مقدمات بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی جنرل ایوب، جنرل یحییٰ اور مشرف نے سیاستدانوں کو سائیڈ لائن کرنے کی کوشش کی جس میں ان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس بار بھی نادیدہ قوتیں اپنے عزائم میں ناکام ہوں گی۔نوازشریف کے خلاف فیصلے سے ملک کمزور ہوگا۔نیب کا نوازشریف کے خلاف فیصلہ کہیں اور سے بن کر آیا ہے جس کو جج نے پڑھ کر سنایا ۔انہوں نے کہاکہ ایک مخصوص طبقہ سیاستدانوں کو ختم کرنے کیلئے سرگرم ہے جس میں انہیں ناکامی ہوگی۔ نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ نیب کو استعمال کرتے ہوئے 60سے70سیاستدانوں کو سیاست سے نکالنے کی سازش کی جا رہی ہے