اسلام آباد(آئی این پی)ماہر قانون عرفان قادر نے کہا ہے کہ نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں ملنے والی سات سال کی سزا بھی معطل ہو جائے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ایون فیلڈ سے بھی بری ہو گئے جبکہ یہ ان پر دائر کیے جانے والا سب سے پہلا اور زیادہ مضبوط کیس تھا اور العزیزیہ ریفرنس میں ملنے والی سات سال کی سزا بھی معطل ہو جائے گی جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما ملک محمد احمد نے کہا کہ لوگ احتساب کے اس عمل کو انتقامی کارروائی ہی سمجھ رہے ہیں۔
نواز شریف کیس کے آج آنے والے فیصلے پران کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا ورکر کبھی بھی اس فیصلے کو تسلیم نہیں کرے گا۔ اس دفعہ ہم سے زیادہ ن لیگ کا ورکر اس فیصلے پر شرمندہ ہے، عوام کے اندر بہت غصہ نظر آ رہا ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن)کے اتحاد کے حوالے سے رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ بہت سی چیزوں کا انحصار آنے والے فیصلوں پر ہے لیکن حکومت کے رویے کے خلاف اپوزیشن ضرور اکھٹی ہو گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما پلوشہ خان نے کہا کہ ہمیں کسی کے بھی احتساب پر اعتراض نہیں لیکن احتساب سب کا ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے ایک طویل عرصہ جیل میں گزارا، اب وہ جیل جانے سے نہیں ڈرتے اور بالکل اسی طرح نواز شریف بھی اڈیالہ جیل سے ہوکرآ چکے ہیں اب انہوں نے کیا ڈرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم کچھ عرصے سے احتجاجی سیاست سے دور تھے جس سے کچھ لوگ کافی مایوس ہوئے ہیں۔ سیاست میں کچھ بھی ہو سکتا ہے، ہم سے زیادہ حکومت وقت خود چاپتی ہے کہ اپوزیشن کو یک جاں کیا جائے۔پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت انتہا درجے کی کرپٹ ہے، ہم 22 سال سے ان کی بدعنوانیوں کی بات کر رہے ہیں اور آج وہ بات ثابت ہو گئی۔آج کے فیصلے پر ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کو ہمیشہ سے چور ڈاکو کہتے آئے ہیں اور آج پاکستانی عوام نے اداروں کے ذریعے دیکھا کہ ہم سچ کہتے تھے۔