اسلام آباد(آن لائن)وزارت اوورسیز کے ذیلی ادارے او پی ایف نے سکیورٹی ایشو کے نام پر 27لاکھ 74ہزار ماہانہ پر قومی خزانہ سے رقوم ادا کرکے پرائیویٹ گارڈ رکھ لئے ہیں، تین کروڑ سے زائد رقم ادا کردی گئی ، آڈٹ حکام نے معاملہ کی چھان بین کے لئے او پی ایف حکام سے رابطہ کرلیا ، پیپرا رول مذکورہ ادارہ میں فالو نہیں کیے جارہے ، وزارت اوورسیز جواب دینے سے تاحال قاصر ہے ۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق او پی ایف نے سکیورٹی کے نام پر من پسند کمپنی ’’ماڈل سکیورٹی سروسز‘‘ کو 27لاکھ74ہزار روپے ماہانہ پر سکیورٹی کرنے کا کنٹریکٹ دیا ہے جس میں
اب تک ایک سال کے عرصے میں تین کروڑ سے زائد رقم خرچ کی جاچکی ہے ۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق آڈٹ حکام نے وزارت اور متعلقہ ادارہ سے جواب طلب کیا تو انہیں بتایا گیا کہ سکیورٹی ایشو کو مدنظر رکھتے ہوئے او پی ایف سکولز اور کالجز سمیت دیگر جگہوں پر سکیورٹی ناگزیر تھی تاہم آ ڈٹ حکام کا کہنا ہے کہ ادارے نے پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اخبار میں اشتہار دیئے بغیر من پسند کمپنی کو ایک سال کیلئے کنٹریکٹ دیا ہے ۔ مزید آ ڈٹ حکام نے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کے لئے او پی ایف حکام کو تحریری طورپر بھی کہہ دیا ہے۔