کراچی(این این آئی) پا کستان کی قومی ایئر لائن کو خسارے سے نکالنے برطانیہ سمیت یورپ کی پروازوں میں سے بزنس کلاس ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے ایئر لائن کو خسارے سے نکالنے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام شروع کردیا ہے، جن میں بزنس کلاس ختم کرکے مسافروں کی تعداد بڑھانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ذرائع نے بتایاکہ مانچسٹر،برمنگھم،کوپن ہیگن،بارسلونا،میلان اور پیرس جانیوالی تمام پروازوں میں بزنس کلاس ختم کردی جائے گی۔جہازوں میں بزنس کلاس ختم کرکے
اس جگہ پر تمام سیٹوں کو اکانومی پلس کردیا جائے گا، جس سے زیادہ مسافر ایک پرواز میں سفر کرسکیں گے اور ائیر لائن زیادہ ریونیو اکھٹا کرسکے گی۔یہ بھی کہا جارہا ہے کہ یورپ جانے والی تمام پروازوں میں 15 جنوری سے صرف اکانومی پلس کی بکنگ کی جائے گی اور تمام مسافر ایک ہی کلاس میں سفر کرسکیں گے۔انتظامیہ نے بتایاکہ مسافروں کو پی آئی اے کے ذریعے زیادہ سے زیادہ سفر کرنے کی ترغیب دینے کے لیے برطانیہ سمیت یورپ جانیوالی پروازوں پر 30فیصد کرایوں میں کمی بھی کی جائے گی۔