اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزا ورفلیگ شپ ریفرنس کا فیصلہ سننے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے وکلاء اور رہنماؤں سمیت 15افراد کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی ۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج ارشد ملک دونوں ریفرنسز پر محفوظ کیا گیا فیصلہ (آج)پیر کو سنائینگے سابق وزیراعظم نوازشریف بھی احتساب عدالت جائینگے ۔کمرہ عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے وکلا، رہنماؤں سمیت 15 افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی ۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز
بھی فیصلہ سننے کیلئے عدالت جائیں گی تاہم مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں کی جانب سے ابھی تک تصدیق نہیں کی گئی جبکہ میڈیا پرسنز کو اپنی شناخت پاس رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق احتساب عدالت کے اطراف پولیس کی ایک ہزار نفری تعینات کی جائیگی اور کمرہ عدالت میں نواز شریف کو کلوز پروٹیکشن یونٹ سیکیورٹی فراہم کریگا۔ذرائع کے مطابق کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کو احتساب عدالت نہیں جانے دیا جائے گا۔اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رینجرز بھی موجود رہے گی۔