لاہور( این این آئی)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک حقیقت ہے اوراسے کسی صورت جھٹلایا نہیں جا سکتا ، والد کی اجازت کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی ،آصف علی زرداری کو بے بنیاد مقدمات کی بنیاد پر گرفتاری کا کوئی خوف نہیں اور وہ بالکل مطمئن ہیں ۔
پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے ’’ این این آئی ‘‘ سے ٹیلیفون پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سردار دوست محمدکھوسہ نے کہا کہ آصف علی زرداری میرے والد سردار ذوالفقارعلی خان کھوسہ کا بیحد احترام کرتے ہیں اور ملاقات کے دوران بھی انہوں نے مجھ سے ان کی خیریت دریافت کی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی 100 روز کی کارکردگی سب کے سامنے ہے اور اس کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ہی فیصلہ کیا ہے۔پیپلز پارٹی ایک حقیقت ہے اور اسے کسی صورت جھٹلایا نہیں جا سکتا ۔انہوں نے آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے ان پر کسی خوف کے سوال کے جواب میں کہا کہ آصف زرداری بے بنیاد مقدمات پر گرفتار ی کے حوالے سے قطعاً خوف کاشکار نہیں بلکہ وہ مطمئن ہیں اور پارٹی کی رہنمائی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے مستقبل کے حوالے سے اپنی منصوبہ بندی کر لی ہے اور وقت آنے پر اسے سامنے لایاجائے گا۔