اسلام آباد(آن لائن) العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس پر احتساب عدالت کے فیصلے کے پیش نظر مسلم لیگ(ن) نے کل پاور شو کی منصوبہ بندی کر لی ۔ طارق فضل چودھری اور انجم عقیل خان کو اہم ذمہ داری سونپ دی گئی جبکہ سینیٹر چودھری تنویر ، ملک ابرار اور دیگر رہنماؤں کو راولپنڈی سے بڑی تعداد میں کارکنوں کو لانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں ۔ نواز شریف سینئر رہنماؤں کے ہمراہ احتساب عدالت میں ہی فیصلہ سنیں گے ۔ مسلم لیگ(ن) کے ارکان اسمبلی کو اتوار کو
ہی اسلام آباد بلا لیا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کل احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس پر فیصلے کے پیش نظر مسلم لیگ(ن) نے احتجاج اور پاور شو کی حکمت عملی بنا لی ۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف احتساب عدالت میں ہی فیصلہ سنیں گے جبکہ پارٹی کے سینئر رہنما ان کے ہمراہ ہوں گے ۔ مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے کارکنوں کو احتساب عدالت پہنچنے کی ہدایت کردی ہے ۔ مقامی قیادت اور بلدیاتی نمائندوں کو کارکن ساتھ لانے کی تلقین کی گئی ہے ۔