کراچی(این این آئی)آئی ایم ایف سے حتمی مذاکرات کے پیش نظر حکومت نے مرکزی بینک کا قرض واپس کرنا شروع کر دیاہے، ایک ہفتے میں 19 کھرب روپے واپس کیے گئے تاہم اس کے لیے کمرشل بینکوں سے نیا قرض لیا گیا۔حکومت نے آئی ایم ایف سے قرض لینے کے سلسلے میں اقتصادی پالیسیز اور معاشی اہداف کا میمورنڈم جمع کرایا ہے، ذرائع کے مطابق اس میں وفاقی حکومت کی طرف سے مرکزی بینک سے قرض نہ لینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جبکہ 30 نومبرتک حکومت اخراجات کیلئے مرکزی بینک سے 30 کھرب روپے
قرض لے چکی تھی جس کے باعث حکومت نے میمورنڈم جمع کرانے کے ساتھ مرکزی بینک کے قرض کی واپسی بھی شروع کردی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق ہفتے کے دوران حکومت نے 19 کھرب 50 ارب روپے کا قرض لیا، جس میں سے18 کھرب 98 ارب روپے مرکزی بینک کو واپس کیے جبکہ 52 ارب روپے سے دوسرے اخراجات پورے کیے گئے۔ یاد رہے آئی ایم ایف کی طرف سے2013 میں قرض دیتے وقت مرکزی بینک کاقرض واپس کرنے اورنیا قرض نہ لینے کی شرط رکھی گئی تھی۔