لاہور( این این آئی) ڈی آئی جی جیل خانہ جات لاہور ریجن ملک مبشر نے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کے باوجود سرگودھایونیورسٹی کے سی ای او میاں جاوید کی ہتھکڑی نہ اتارنے کے معاملے پر ابتدائی رپورٹ تیار کرلی۔ ڈی آئی جی ملک مبشر کے مطابق جیل سے میاں جاوید کو بغیر ہتھکڑی پولیس کے حوالے کیاگیا۔پولیس اہلکار وں اعظم،عمران اورخلیل نے میاں جاوید کو ہسپتال میں ایمر جنسی کے باہر ہتھکڑی لگائی۔ریسکیو حکام نے بھی بتایا کہ جیل سے میاں جاوید کو بغیر ہتھکڑی لایا گیا۔ ڈی آئی جی جیل خانہ کے مطابق میاں جاوید کو پولیس کی ہتھکڑیاں
لگی ہیں ،جیل حکام کے پاس ہتھکڑیاں نہیں ۔ اہلکار اعظم کے مطابق حکم اورایس او پی ہے کہ مجسٹریٹ کے حکم کے بغیر ہتھکڑی نہیں اتاری جائے گی۔ یاد رہے کہ نیب کے زیر تفتیش سرگودھایونیورسٹی کے سی ای او میاں جاوید جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں تھے دل کا دورہ پڑنے پر سروسز ہسپتال لایا گیا مگر وہ جانبر نہ وہ سکے اور انتقال کے باوجود میاں جاوید کی ہتھکڑیاں نہ کھولی گئیں ۔تصویر وائرل ہونے کے بعد حکومت کی جانب سے اس کا سختی سے نوٹس لیا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے دو روز میں رپورٹ طلب کررکھی ہے۔