اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پی اے سی بارے اپوزیشن کے فیصلے سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکو آگاہ کردیا ہے۔ منگل کو اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی ۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا کہ سپیکر کو آگاہ کردیا ہے کہ اپوزیشن کا فیصلہ چیئرمین پی اے سی کے بارے میں یہی ہے کہ قائد حزب اختلاف ہی چیئرمین ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر سے ان کے دورہ ایران پر بھی بات ہوئی ہے۔
دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کامشترکہ اجلاس (آج) بدھ کو طلب کر لیا۔ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن)مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر مسلم لیگ (ن) محمد شہباز شریف نے پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس (آج) بدھ کو دوپہرڈیڑھ بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے تمام ارکان کو شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں سیاسی انتقامی کارروائیوں سمیت مجموعی صورتحال پر غور سمیت مستقبل کی سیاسی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔