اسلام آباد (این این آئی) لوٹی دولت واپس لانے کیلئے پاکستان نے متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ تین نئے معاہدوں کا فیصلہ کیا ہے ٗمجرموں کی حوالگی اور بینک اکاؤنٹس تفصیلات کے بعد قانونی معاونت کے معاہدے ہونگے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے لوٹی دولت واپس لانے کیلئے تین ملکوں کے ساتھ مذاکرات شروع کر دیئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ
باہمی قانونی معاونت کے تین نئے معاہدے کیے جائیں گے۔اس سے قبل برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مجرموں کی حوالگی جبکہ سوئٹزرلینڈ کے ساتھ بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات کے تبادلے کے ہو چکے ہیں۔تینوں ممالک سے باہمی قانونی معاونت کے معاہدوں سے لوٹی دولت پاکستان واپس لائی جاسکے گی۔ اس مقصد کے لیے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کا وفد چند روز میں پاکستان پہنچے گا۔