اسلام آباد( آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ وفاقی حکومت کے دوران اگست سے اب تک ملک میں تیل و گیس کے 13نئے ذخیرے دریافت ہوئے ، جن سے مجموعی طور پر روزانہ 5ہزار358بیرل تیل اور 105ملین کیوبک فٹ گیس حا صل ہو گی ، سب سے زیادہ ذخیرے صوبہ سندھ میں دریافت کئے گئے جن کی تعداد 9ہے ، جبکہ خیبر پختونخوا سے 2اور بلوچستان اور پنجاب سے ایک ایک ذخیرہ دریافت کیا گیا ہے ۔
دستاویزات کے مطابق سند ھ کے ضلع سانگھڑ کے مقام بدیل پر 91بیرل تیل روزانہ اور 23 ملین کیوبک فٹ روزانہ (ایم ایم سی ایف ڈی ) گیس کا ذخیرہ دریافت ہوا ہے ،جبکہ پنجاب میں چکوال کے علاقے تلہ گنگ میں 313بیرل تیل روزانہ کا ذخیرہ دریافت کیا گیا ہے ، اسی طرح خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے علاقے چندا میں 550بیرل تیل روزانہ اور 1.3ایم ایم سی ایف ڈی گیس کا ذخیرہ دریافت کیا گیا ہے ، ، بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے سے تیل کا ذخیرہ بولان ایسٹ دریافت کیا گیا ہے ، جس سے 1500بیرل تیل روزانہ حاصل ہو گا ،سندھ کے ضلعٹنڈو الہ یار سے تیل کا ذخیرہ گل شیر دریافت ہو ا ہے جس سے 1056بیرل تیل روزانہ حاصل ہوگا،ضلع گھوٹکی سے گیس کا ذخیرہ متھا دریافت ہوا ہے جس سے 6.48ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل ہو گی ، ٹنڈو محمد خان سے دریافت ہونے والے گیس کے ذخیرے سے 6.3ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل ہو گی ، ٹنڈوالہ یار سے دریافت ہونے والے گیس کے ذخیرے سے 9.5ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل ہو گی ، سانگھڑ سے دریافت ہونے والے ذخیرے حدف سے 160بیرل تیل روزانہ اور 18.6ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل ہو گی ، ضلع سجاول سے دریافت ہونے والے گیس کے ذخیرے سے 9ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل ہو گی ، بدین سے دریافت ہو نے والے تیل کے ذخیرے سے 1661 بیرل تیل روزانہ حاصل ہو گا ، سندھ کے ایک اور علاقے سے دریافت ہونے والے گیس کے ذخیرے سے 31ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل ہو گی ، خیبر پختونخوا کے علاقے سے دریافت ہو نے والے تیل کے ذخیرے جویا میر سے 27بیرل تیل روزانہ حاصل ہو گا ۔