فیصل آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے ایک بار پھر وزیر خزانہ اسد عمر کیساتھ اختلافات کی خبروں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ابھی صرف تین مہینے ہوئے ہیں اور لوگوں نے تنقید شروع کر دی ہے ٗ پی ٹی آئی عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے گی ٗ ٗجنوبی پنجاب صوبہ ضرور بنے گا
لیکن صوبہ ایک سیکنڈ میں نہیں بن سکتا ٗاگر قبل از وقت انتخابات ہوئے بھی تو پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔ منگل کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ابھی صرف تین مہینے ہوئے ہیں اور لوگوں نے تنقید شروع کر دی ہے ٗحکومت پر بہت سے حملے ہورہے ہیں کہ یہ غلطی کردی وہ غلطی کردی، لیکن وہ واضح کردیں کہ حکومت چلے گی، استحکام آئیگا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے گی، جنوبی پنجاب صوبہ ضرور بنے گا لیکن صوبہ ایک سیکنڈ میں نہیں بن سکتا۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سے آج تک پاکستان میں کوئی نیا صوبہ نہیں بنا، نیا صوبہ بنانے کیلئے جو بھی مسائل ہیں انہیں مل کر حل کریں گے۔وزیراعظم کی جانب سے قبل از وقت انتخابات سے متعلق سوال پر جہانگیر ترین نے کہا کہ وزیراعظم کی قبل ازوقت انتخابات کی بات سوال کے تناظر میں تھی، اگر قبل از وقت انتخابات ہوئے بھی تو پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔وفاقی وزیر خزانہ کے ساتھ اختلافات کے حوالے سے جہانگیر ترین نے کہا کہ اسد عمر کے ساتھ تنازع کی خبر بالکل من گھڑت اور غلط ہے، پچھلے دنوں ہم تین آدمیوں کی ایسی کوئی میٹنگ بھی نہیں ہوئی۔وزیراعظم کی جانب سے کچھ وزراء کے استعفوں سے متعلق سوال پر جہانگیر ترین نے کہا کہ ان کے نام صرف عمران خان کو ہی پتہ ہوں گے۔ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر کے فیصلے وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک مل کر کرتا ہے۔ایک سوال پر جہانگیر ترین نے کہاکہ ہم اپنے وعدوں اور منشور پر قائم ہیں، 30 سال کا گند صاف کرنے میں وقت تو لگتا ہے۔