لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان بلخصوص پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجو دہیں اور صوبہ میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول پیدا کیا گیا ہے ۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ان کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولتیں دی جا رہی ہیں۔
غیر ملکی سرمایہ کارپنجاب میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں اور یہاں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ان خیالات کا اظہار آج ماسکو میں پاکستانی سفارت خانے میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال کی قیادت میں وفدکے ہمراہ روس کے دورے پر ہیں وزیر اعلیٰ کے پی کے کے معاون خصوصی خرم خان بنگش بھی وفد میں شامل ہیں۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے نئی صنعتی پالیسی دی ہے جس کے تحت صوبے میں چھوٹی اور بڑی صنعتوں کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں ن نے کہا کہ غربت اور بے روز گاری جیسے مسائل پر صنعتوں کوفروغ دے کر ہی قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی صنعتی پالیسی نے سالانہ بارہ فیصد انڈسٹریل گروتھ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جب کہ ہر سال مارکیٹ اور صنعتی ضروریات کے مطابق پانچ لاکھ ہنر مند افرادی قوت تیا رکی جائے گی۔اسی طرح پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں جس کیلئے سپیشل اکنامک زون اتھارٹی بنا دی گئی ہے جو سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے مسائل حل کرے گی اور انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی ۔ اسی طرح ون ونڈو کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے جہاں سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولتیں دیں گے ۔ تربیتی اداروں کے کورسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے کیلئے کام کا آغاز کر دیا گیاہے اور ان اداروں کو ایک چھتری تلے لا رہے ہیں جن سے ان کورسز کو مربوط انداز سے آگے بڑھانے میں مدد ملے گی ۔