اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت ملنے والے 3 مرلے کے گھروں کی قیمت 12 سے 13 لاکھ روپے ہوگی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب میں سستے گھروں کی تعمیر کے فنانشل ماڈل کے لئے سب کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس کے تحت مستحق افراد کو 3 مرلے کا گھر 13 لاکھ روپے میں اور15 سے 20 لاکھ قرضہ دینے کی سفارشات کی تیاری جاری ہے۔ مستحق افراد کے لیے تعمیر کیے جانے والے سستے50 لاکھ گھروں کے فنانشل ماڈل کے حوالے سے اسلام آباد اور کراچی کے بعد پنجاب میں
بھی 6 رکنی سب کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔جس میں محکمہ ہاؤسنگ، پرائیویٹ ڈویلپر اور فنانشل ایکسپرٹ شامل ہوں گے جبکہ منظور احمد کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید نے کہا کہ مستحق افراد کو 3 مرلے کا گھر 12 سے 13 لاکھ میں دینے کا ارادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ درخواست گزار کو 15 سے 20 لاکھ قرضے کی سہولت بھی دیں گے۔ اب تک لاکھوں کینال اراضی لینڈ بینک میں آچکی ہے۔پہلے مرحلے میں فارم جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔