اسلام آباد(این این آئی) آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کے معاملے پر سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے وفاقی وزیر اعظم سواتی سے پوچھ گچھ کی۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اعظم سواتی نیب کے دفتر میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے جہاں ان سے تحقیقاتی ٹیم نے تقریباً 2 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی جس کے بعد وہ واپس روانہ ہوئے۔ذرائع کے مطابق اعظم سواتی کو ایک سوالنامہ دیا گیا جو ڈی جی نیب عرفان منگی
کی سربراہی میں ترتیب دیا گیا جسے ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے۔سپریم کورٹ کے حکم پر قائم تحقیقاتی ٹیم اعظم سواتی کے مختلف معاملات کی تحقیقات کر رہی ہے جن میں مبینہ تجاوزات، آئی جی اسلام آباد کے تبادلے اور اثاثوں سے متعلق ہیں۔مشترکہ تحقیقاتی ٹیم وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی سے بھی پوچھ گچھ کر چکی ہے ٗٹیم نے سابق آئی جی اسلام آباد، سیکرٹری داخلہ و سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے بھی پوچھ گچھ کی۔