کراچی(نیوز ڈیسک) شہرقائد میں امریکی سفارت خانے کی گاڑی نے نیوی اہلکار کو روند ڈالا، زخمی اہلکارکی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، گاڑی چلانے والی امریکی سفارتخانے کی اہلکار کو امریکی اہلکاروں کی دوسری گاڑی موقع سے نکال کر لے گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات کراچی میں تھانہ سول لائنز کی حدو دمیں ایک امریکی خاتون اہلکار الزبتھ نے نیوی اہلکار کو عقب سے
ٹکرمار کر زخمی کر دیا ہے۔ نیوی کا اہلکارنیوی میں سول شعبے سے منسلک ہے اور ڈیوٹی ختم کر کے گھر جا رہا تھا کہ پی آئی ڈی سی کے قریب امریکی سفارتخانے کی تیز رفتار گاڑی نے اسے ٹکر ماری۔ پولیس نے نیوی اہلکار کی مدعیت میں پرچہ درج کر لیا ہے۔ مقدمے میں تیز رفتاری اور ٹریفک حادثے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔زخمی اہلکار نے پولیس کو بیان دیاکہ میں پی آئی ڈی سی سے جارہا تھا، عقب سے گاڑی نے ٹکر ماری، واقعے کے بعد موقع پر رش لگ گیا۔شہری کے مطابق موقع پر موجود افراد میں سے کسی نے خاتون کو الزبتھ کے نام سے پکارا، رش کے دوران معلوم ہوا کے ڈرائیور امریکی خاتون ہے۔پولیس کے مطابق امریکی قونصلیٹ کی گاڑی غیرملکی خاتون چلا رہی تھیں، خاتون امریکی قونصل خانے میں اسٹاف ممبر ہیں، گاڑی کا نمبر کیو ایم 942 ہے، جبکہ تحقیقات کررہے ہیں کہ حادثہ کس طرح پیش آیا۔حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے شخص کو اسپتال منتقل کیا گیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی شخص کے پائوں میں چوٹیں آئی ہیں۔ڈی آئی جی سائوتھ جاوید اوڈھو کے مطابق زخمی ہونے والا شخص پاک بحریہ کا ملازم ہے، امریکی خاتون سفارتکار دوسری کار میں سفارت خانے چلی گئیں، جس گاڑی سے حادثہ ہوا اسے تھانے منتقل کردیا گیا۔نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق امریکی خاتون اہلکار کو جائے وقوعہ سے نکالنے کیلئے کچھ ہی دیر بعد اس کے رابطہ کرنے پر امریکی سفارتخانے کی ایک اور گاڑی موقع پر پہنچ گئی جس میں امریکی اہلکار دیگر اہلکاروں کے ساتھ بیٹھ کر چلی گئی۔