اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے ملک کی موجودہ معاشی بدحالی کے ذمہ داروں کے تعین کیلئے مشترکہ پارلیمانی کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کرلیاہے ٗپارلیمانی کمیشن کے قیام کی قرارداد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئی ہے ۔ ہفتہ کو مشترکہ پارلیمانی کمیشن کے قیام سے متعلق قرارداد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے جمع کروائی جس میں کہا گیا کہ ملک میں معاشی بد حالی کے ذمہ داروں کے تعین سے متعلق مشترکہ پارلیمانی کمیشن قائم
کیا جائے اور یہ کمیشن اپنی رپورٹ ایک ماہ میں ایوان میں پیش کرے ۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ کابینہ اجلاس میں ہدایت کی تھی کہ وزارت خزانہ گزشتہ دس سال کے دوران لئے گئے قرضوں اور ان کو خرچ کرنے کی تفصیلات اکٹھی کر کے پیش کرے ۔پارلیمانی زرائع نے ’’این این آئی ‘‘کو بتایا کہ معاشی بدحالی سے متعلق مشترکہ پارلیمانی کمیشن کی قرارداد قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کے لئے ایجنڈے کا حصہ بنائی جائے گی ۔