لاہور ( نیوز ڈیسک) قصور کی ننھی زینب کے قاتل عمران کو سرِعام پھانسی دینے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی گئی۔ننھی زینب کے والد حاجی امین انصاری کی جانب سے ایڈووکیٹ اشتیاق چوہدری کے توسط سے دائر درخواست میں ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور مجرم عمران کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سزائے موت کے خلاف مجرم عمران کی تمام اپیلیں مسترد ہوچکی ہیں، سزا پر عمل کے لیے مجرم کے
ڈیتھ وارنٹ بھی جاری ہوچکے ہیں۔درخواست میں قانونی نقطہ اٹھایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے سیکشن 22 کے تحت مجرم کو سر عام پھانسی دی جا سکتی ہے، ننھی زینب کے والد نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت مجرم عمران کو سرعام پھانسی کی سزا دینے کا حکم جاری کرے۔درخواست گزار کے وکیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے انکی درخواست کو منظور کرلیا ہے جس کی سماعت 15 اکتوبر کو جسٹس سردار شمیم احمد اور جسٹس شہباز رضوی پر مشتمل 2 رکنی بینچ کرے گا۔