پشاور (آ ئی این پی)پا کستان مسلم لیگ(ن)خیبرپختونخوا کے صدر سابق مشیر وزیراعظم انجینئر امیر مقام نے گیس، بجلی، کھاد اور دیگر اشیاکے بعد سی این جی کی قیمتوں میں تاریخی اضافے کو مستردکرتے ہوئے حکومتی فیصلے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ تاریخی نااہل حکومت عوام اور سیاسی مخالفین سے انتقام پر اتر آئی ہے۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ 143فیصد گیس کی قیمتوں میں تاریخی اضافے کے بعد
سو روپے فی کلوگرام سی این جی کی قیمت میں اضافے سے قوم کو پتہ چل گیا ہوگا ملک میں اور عوام کی زندگی میں مہنگائی کی تبدیلی آچکی ہے۔ عمران خان سے پوچھتا ہوں کہ کیا یہ تھی وہ تبدیلی، کیا یہ تھا وہ ریلیف جس کا وہ دعوی کرتے تھے؟ انہوں نے کہاکہ نوازشریف اور شہبازشریف نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہاتھا اور تبدیلی حکومت نے پھر سے آئی ایم ایف کو گلے لگالیا ہے۔ امیر مقام نے کہاکہ ہم نے غریبوں کو ریلیف دیاتھا اور نیازی حکومت کو آئی ایم ایف مہنگائی کرنے پر شاباش دے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کو سزا اس لئے دی جارہی ہے کہ کیونکہ ہم نے عوام اور ملک کو خوشحال بنانے اور قرضوں کی لعنت سے چھٹکارے کا منصوبہ بنالیاتھا اور اس منزل کے بہت قریب پہنچ گئے تھے۔ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی ترقی پزیر ممالک میں سے کسی نے خودانحصاری کی منزل پانے کی کوشش کی وہاں کی قیادت کو عبرت کا نشان بنادیاگیا۔ امیر مقام نے کہاکہ انتقامی حکومت کے عوام دشمن، مزدور اور کسان دشمن فیصلوں کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے اور اس تبدیلی کا پوسٹ مارٹم کرتے رہیں گے۔