دبئی (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ سرفرازاحمد کی قیادت کو کوئی خطرہ نہیں ہے ٗ کپتان کو ہٹانا مسئلے کا حل نہیں ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف سلیکٹرانضمام الحق نے کپتان سرفراز احمد پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے سرفراز کی قیادت میں ٹیم اچھی کارکردگی دکھا رہی تھی تو سب ان کے گن گا رہے تھے لیکن خراب کارکردگی ہوتے ہی تنقید شروع کردی گئی۔انہوں نے کہاکہ جب ٹیم ہارتی ہے تو کوئی اس کا ولی وارث نہیں ہوتا تاہم مجھے کپتان اور ٹیم
پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ آئندہ سیریز میں بہترین کھیل پیش کرکے ناقدین کے منہ بندکر دیں گے۔چیف سلیکٹر نے ایشیا کپ میں پاکستان کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیت اور ہار سے قطع نظر ہم ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ نہیں کھیل سکے ، لڑکوں کو اپنی کارکردگی کے معیار کو بلند کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میری ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے بات ہوئی ہے، ایک آدھ تبدیلی معمول کی بات ہے تاہم ہم کسی بھی قسم کی بڑی تبدیلیاں نہیں کر رہے کیونکہ انہی لڑکوں نے پہلے کارکردگی دکھا کر خود کو ثابت کیا ہے۔