اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ہمارے لئے ہر کشمیری مجاہد ہیرو ہے، ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتے ہیں ، فواد چوہدری نے بھارتی ٹی وی چینل کی اینکر کے سوال پر ایسا جواب دیدیا کہ بھارتیوں کو آگ لگاکر رکھ دی۔ تفصیلات کے مطابق ایک بھارتی ٹی وی کو انٹرویوکے دوران جب خاتون اینکر نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے سوال کیا کہ پاکستان کی جانب سے
برہان وانی ، کشمیری مجاہدین اور تحریک آزادی کی حمایت میں ڈاک ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں، پاکستان کشمیری حریت پسندوں کو ہیرو بنا کر پیش کر رہا ہے جس پر فواد چوہدری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کیوں نہیں، ہم ہر کشمیری فریڈم فائٹر کو گلوریفائی کرتے ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور کشمیری اپنی آزادی کی جہدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہی کشمیر کا تنازع ہے۔ بھارت ہر بار مذاکرات سے فرار کیلئے شرط رکھتا ہے کہ آپ ہر مسئلے پر بات کریں مگر مسئلہ کشمیر ایجنڈے کا حصہ نہیں ہو گا جو کہ حقیقت سے فرار ہےاور بھارت ایسی بات کر کے خود کو ہی بیوقوف بنا رہا ہوتا ہے۔ کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہی کشمیر ہے۔ اور کوئی بھی غیر جانبدار شخص ، ادارہ اور ملک یہی کہے گا کہ دونوں ممالک کے درمیان بنیادی مسئلہ کشمیر ہی ہے اور اس کے بغیر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو نہیں سکتے اور ہو بھی نہیں سکتے۔ خاتون اینکر نے فواد چوہدری سے دوسرا سوال کیا کہ آپ کا پھر دہشتگردی سے متعلق کیا خیال ہے؟ جس پر فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ دہشتگردی بھی ایک اور بڑا مسئلہ ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی بلوچستان میں بھارتی پاسپورٹ کے ہمراہ گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے۔