اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز ڈیم بنانے کے لیے فنڈ دینے کی اپیل کی تو اس پر ہر طرف لوگوں نے فنڈ دینے حامی بھرنا شروع کر دی، خصوصاً اوورسیز پاکستانیوں نے عمران خان کو مایوس نہیں کیا اور رقم بھیجنے کا سلسلہ شروع کر دیا،
ایسے میں ایک پاکستانی محمود اشرف جو کہ کویت میں چالیس سال سے رہائش پذیر ہیں انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں ایسی پیشکش کر دی کہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ چالیس سال سے کویت میں مقیم ہوں اور محب وطن اوورسیز پاکستانی ہوں، وزیراعظم عمران خان کی کل میں نے تقریر سنی جس میں انہوں نے کہا کہ ڈیم بنانے کی ضرورت ہے اور انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے تعاون کی اپیل کی، کویت میں مقیم محمود اشرف نے کہا کہ میں اس فنڈ میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالنا چاہتا ہوں مگر میرے اور میرے بچوں کے پاکستان میں 9 پلاٹ ہیں جن پر قبضہ گروپوں نے قبضہ کر رکھا ہے، اگر حکومت مجھے میرے پلاٹس واپس لے دے تو میں حلفیہ بیان دیتا ہوں کہ انہیں فروخت کرکے اس میں سے دس کروڑ روپے ڈیم فنڈ میں عطیہ کر دوں گا اور انہوں نے یہ بھی کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو یہ یقین دلایا جائے کہ حکومت ان کے جان و مال کی حفاظت کرے گی۔ کویت میں مقیم پاکستانی نے کہا کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی اپنے وطن میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اور انہیں کسی دوسرے ملک میں پیسے لگانے کی ضرورت بھی نہیں ہے، اس موقع پر کویت میں مقیم پاکستانی محمود اشرف نے وزیراعظم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی آپ سے بہت محبت کرتے ہیں آپ ان کے لیے اچھے قانون بنائیں۔