اسلام آباد(اے این این)وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔ وزیر اعظم پاکستان نے ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں وکشمیر سردار مسعود خان سے ملاقات کے دوران کیا ۔ صدر آزادکشمیر نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کی جانے والی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق وزیر اعظم پاکستان کو آگاہ کیا۔ صدرسردار مسعود خان نے اس موقع پر مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں بین الاقوامی برادری کے
سیاسی و سفارتی شعور کو بیدار کرنے کے لئے آزادکشمیر حکومت کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت و انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں کردار ادا کرے۔