لاہور(اے این این)سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دکاندار دو خواتین پر چوری کا الزام لگاکر بانس کی چھڑی کے ذریعے بڑی بے دردی پیٹ رہا ہے،سماجی ویب سائٹ پر صارفین نے دکان دار کی اس حرکت پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو خواتین ایک گارمنٹ کی دکان میں بیٹھی ہیں اسی دوران ایک دکاندار بانس کی چھڑی اٹھاتا ہے اور
چوری کا الزام عائد کرتے ہو ئے مارنا شروع کردیتا ہے لیکن اس واقعے کا زیادہ افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ باقی دکان دار بھی اس صورت حال کو معمولی انداز میں دیکھ رہے ہیں کسی نے بھی تشدد سے نہیں بچایا۔اس افسوس ناک واقعے کی ویڈیو کے دوسرے حصے میں ان ہی دو خواتین کوکسی گودام میں لے جایا جاتاہے اوران پر تھپڑوں اور گھونسوں کی بارش کردی خواتین جب زمین پر گر گئیں تو انہیں لاتوں سے بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔دکاندارنے دونوں خواتین پر اس کی دکان سے35ہزار روپے کے کپڑے چرانے کا الزام عائد کیا۔سوشل میڈیا پرجب یہ وڈیو عام ہوئی تو لوگوں کی بڑی تعداد میں خواتین پر تشددکو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہو ئے تشدد کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔عابد خان نامی سوشل میڈیا صارف نے لکھا ہے کہ ہم اخلاقی پستیوں کی انتہا پر ہیں ، ہمیں ہنگامی طور پر تعلیم کی ضرورت ہے اس سے پہلو تہی کرنے کی وجہ سے ایسے شرم ناک واقعات وقوع پذیر ہو تے رہیں گے ۔ایک اور صارف لکھتے ہیں کہ خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانا مکمل طور پر غلط ہے اگر خواتین نے کوئی غلط اقدام کیا بھی تب بھی انہیں حوالہ پولیس کیا جانا چاہئے تھا نہ کہ خود سزا دینے کھڑے ہو جاتے۔