اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے الزام عائد کیا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ پر مشتمل ووٹنگ نظام متعارف کرانے کا مقصد انتخابات میں دھاندلی اور نتائج میں ردوبدل کرانا ہے ٗابتدائی مرحلے میں ہی انٹرنیٹ ووٹنگ نظام پیچیدگیوں کا شکار رہا اور نادیدہ طاقتیں پاکستان میں انتخابات پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔ایک انٹرویومیں رضا ربانی نے کہا کہ مذکورہ نظام متعارف کرانے سے قبل پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے۔پیپلز پارٹی کے
سینیٹر نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی تشکیل کردہ ٹاسک فورسز نے ازخود اس پر تحفظات کا اظہار کیاجس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا حق دیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ای سی پی اور نادرا رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) احسن طریقے سے نہیں چلا سکے اور تحفظات نے جنم لیا ٗآئی ووٹنگ سائبر کرائم کی نذر بھی ہو سکتا ہے۔رضا ربانی نے واضح کیا کہ آن لائن ووٹ ڈالنے والے کی تصدیق کا کوئی نظام نہیں ہے.