لاہور( این این آئی )پاکستان تحریک انصاف نے سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کو سزا ہونے کے بعد کسی دوسرے صوبے کی جیل میں سزا کاٹنے کے مطالبے پر مبنی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی ۔ تحریک انصاف کی خاتون رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ کرپشن او ردیگر جرائم میں قید ہونے والے سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کو جیل انتظامیہ اور دیگر محکمہ جات کی ملی بھگت سے وی آئی پی پروٹوکول دیا جاتا ہے ۔
ایک مجرم کو صحتمند ہونے کے باوجود بیمار ظاہر کر کے ہسپتال میں منتقل کر دیا جاتا ہے جہاں وہ ایک آزاد فرد کی طرح رہتا ہے ۔انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ اگر کوئی سیاستدان یا بیوروکریٹ بھی جرم کرے تو اسے اس کے جرم کے مطابق پوری سزا ملنی چاہیے ۔ مطالبہ ہے کہ جو سیاستدان یا بیوروکریٹ کرپشن یا کسی دیگر جرم میں عدالت سے سزایافتہ ہو جائے تواسے پاکستان کے کسی دوسرے صوبہ کی جیل میں بھیجا جائے جہاں وہ بغیر پروٹوکول اپنی سزا کی مدت پوری کرے۔