اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا‘ پاکستان تحریک انصاف کے عارف علوی 353 ووٹ لے کر ملک کے تیرھویں صدر بن گئے‘ 9 ستمبر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ فضل الرحمن نے 185 ‘ اعتزاز احسن نے 124 ووٹ حاصل کئے۔ منگل کے روز صدارتی انتخابات کے لئے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ صبح دس بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے چار بجے تک جاری رہی صدارتی انتخابات کے غیر حتمی اور
غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں سینیٹ اور قومی امسبلی کے ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا جہاں پر کل 430 ارکان نے ووٹ ڈالے چھ ووٹ مسترد ہوئے جبکہ 424 ووٹ درست قرار دیئے گئے نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے عارف علوی نے 212 ‘ متحدہ اپوزیشن کے مولانا فضل الرحمن نے 131 اور پیپلزپارٹی کے اعتزاز احسن نے 81 ووٹ حاصل کئے پنجاب اسمبلی کے 351 ارکان نے اپنے ووٹ کسٹ کئے جس میں سے 18 ووٹ مسترد ہوئے اور 333 ووٹ درست قرار دیئے گئے عارف علوی نے 186 ‘ مولانا فضل الرحمن 141 اور اعتزاز احسن نے چھ ووٹ حاصل کئے جو الیکٹورل ووٹ فارمولے کے تحت عارف علوی 33 ‘ مولانا فضل الرحمن 25 اور اعتزاز احسن کا صرف ایک ووٹ بنتا ہے۔ کے پی کے اسمبلی میں 124 ارکان میں 17 سیٹیں خالی ہیں اور کل 112 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ایک ووٹ مسترد ہوا عارف علوی نے 111 فضل الرحمن نے 26 اور اعتزاز احسن نے پانچ ووٹ حاصل کئے اور الیکٹورل فارمولے کے تحت عارف علوی نے کے پی کے اسمبلی سے 41 فضل الرحمن نے 13 اور اعتزاز احسن نے 3 ووٹ حاصل کئے۔ سندھ اسمبلی میں 158 ارکان نے حق رائے دہی استعمال کیا پانچ ووٹ مسترد ہوئے ۔ اعتزاز احسن نے 100 ‘ عارف علوی نے 56 اور فضل الرحمن نے 1 ووٹ حاصل کیا اور الیکٹورل فارمولے کے تحت
اعتزاز احسن کو 39 اور عارف علوی کو 22 ووٹ ملے جبکہ فضل الرحمن کوئی ووٹ نہیں لے سکے۔ بلوچستان اسمبلی میں 60 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا ۔ عارف علوی نے 45 اور فضل الرحمن نے 15 ووٹ حاصل کئے جبکہ اعتزاز احسن کوئی ووٹ نہیں لے سکے۔ اس طرح قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں سے عارف علوی 353 ووٹ حاصل کرکے صدر منتخب ہوگئے۔ مولانا فضل الرحمن 185 اور اعتزاز احسن نے 124 ووٹ حاصل کئے عارف علوی صدر ممنون حسین کی مدت ختم ہونے کے
بعد 9 ستمبر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ادھر الیکشن کمیشن نے بھی غیر سرکاری نتائج کا اعلان کردیا ہے اور چیف الیکشن کمشنر نے بطور ریٹرننگ آفیسر نتائج کا اعلان کیا الیکشن کمیشن کے ترجمان کیمطابق صدارتی انتخابات کیلئے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلوں کے 1122 ووٹ ہیں 12 ارکان نے ووٹ کاسٹ نہیں کئے اور 1110 ارکان نے ووٹ کاسٹ کئے ہیں 27 ووٹ مسترد ہوئے عارف علوی نے 353 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ہے فضل الرحمن 185 ووٹ لے کر دوسرے اور اعتزاز احسن 124 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے الیکشن کمیشن حتمی نتائج کا اعلان آج بدھ کو کرے گا۔