اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نو منتخب صدر عارف علوی نے پارلیمنٹ لاجز میں ہی رہنے کا اعلان کیا ہے ۔ منگل کو صدر منتخب ہونے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتا ہوں اور احسان مند ہوں، پی ٹی آئی کا نامزد امیدوار صدارت پر کامیاب ہوا، عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے بڑی ذمہ داری پر نامزد کیا، دعا کرتا ہوں اللہ میری مدد کرے۔عارف علوی نے کہا کہ
منتخب ہونے کے بعد صرف پی ٹی آئی کا صدر نہیں، سارے پاکستان کا صدر بننے کی کوشش کروں گا، میں ساری قوم کا صدر ہوں تمام جماعتوں اور ہر جماعت کا صدر ہوں، ہر پارٹی کا ایک سا حق مجھ پر ہے۔نومنتخب صدر مملکت نے کہا کہ قوم جس انداز سے جاگی ہے وہ فلاح اور کرپشن کا خاتمہ چاہتی ہے، ہر آدمی کی دہلیز تک انصاف آنا چاہیے، بیمار کا علاج ہونا چاہے، بیروزگاروں کو روزی ملنی چاہیے اور اسکولوں سے باہر کروڑوں بچوں کو تعلیم ملنا چاہیے، یہ سب آئین وعدہ کرتا ہے اور آئین کے اعتبار سے صدر پاکستان بھی وعدہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری کامیابی میں میرا کوئی کمال نہیں، یہ سالوں سے جدوجہد کرنے والے میرے ساتھیوں کا کمال ہے یہ ان کا تاج ہے، اپنے سارے ووٹرز کا مشکور ہوں جنہوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ دعا کرتا ہوں ان 5 سالوں کے دوران غریب کی قسمت بدلے اس کے تن پر کپڑا ہو، سر پر چھت اور روزگار ہو، بیروزگاری کیلئے پی ٹی آئی کا پیغام حکومت کا پیغام بن گیا ہے، ایک سوال کے جواب میں نومنتخب صدر نے کہا کہ اپوزیشن کو تقریب حلف برداری میں ضرور مدعو کیا جائے گا۔