اسلام آباد(این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو انتظامیہ میں سیاسی مداخلت سے روک دیا ہے۔گزشتہ روز چکوال کے ڈپٹی کمشنر غلام صغیر شاہد نے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھ کر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ذوالفقار علی خان پر سرکاری کاموں میں مداخلت کا الزام لگایا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق اس معاملے پر وزیراعظم کو غیر رسمی رپورٹ موصول ہوگئی ہے ٗرپورٹ میں ڈی سی غلام صغیر شاہد کو مسلم لیگ (ن) کا ہمدرد قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ
ڈی سی کو پہلے بھی سیاسی جانبداری کا مظاہرہ کرنے پر وارننگ دی جا چکی ہے تاہم عمران خان نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو انتظامیہ میں سیاسی مداخلت سے روک دیا ہے۔ وزیراعظم نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو ارکان قومی اسمبلی کو متنبہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ارکان کو انتظامی معاملات سے دور رہنے کی ہدایت کی جائے۔ ذرائع کے مطابق باقاعدہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد ڈی سی غلام صغیر شاہد کے خلاف محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔