اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے افغان چیف ایگزیکٹو کے نائب ترجمان امید میسام کے مبینہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسے تبصروں سے گریز کیا جائے جس سے پاک۔افغان دوطرفہ تعلقات میں تعاون کا موجودہ مثبت جذبہ مجروح ہو۔ ترجمان دفتر خارجہ نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کسی مالی معاوضوں کے بدلے میں نہیں بلکہ اپنے سنجیدہ مفادات اور سکیورٹی خدشات کو مدنظر
رکھتے ہوئے خطہ میں ایک امن و استحکام کے فروغ کیلئے انتھک اور مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں داخلی سلامتی کی صورتحال جو علاقائی اور بین الاقوامی دہشت گرد خطرات کا ذریعہ ہے، میں بہتری افغان حکومت کی اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ہمراہ خصوصی ذمہ داری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان فراخدلی سے ان کاوشوں کی حمایت کر رہا ہے۔