اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس، ایس ایس پی ڈسپلن کا پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان پر پولیس کی فائرنگ کا اعتراف ،تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی سماعت ہوئی۔ایس ایس پی ڈسپلن لاہور طارق عزیز نے جرح کے دوران اعتراف کیا کہ 17 جون 2014 ء کے دن آپریشن سے پہلے خرم نواز گنڈاپور نے عدالتی حکم پر لگائے جانے والے حفاظتی بیریئرز سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا حکم نامہ دکھایا تھا۔ انہوں نے جرح کے
دوران اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ پولیس نے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں پر گولیاں چلائیں۔پاکستان عوامی تحریک کے وکلا نے عدالت میں ایک ویڈیو بھی پیش کی جس میں طارق عزیز زمین سے پتھر اٹھارہے ہیں، ملزم طارق عزیز کو بار بار ڈکٹیشن دینے پر پاکستان عوامی تحریک کے وکلا نے شدید احتجاج کیا اور اسے قانون کے خلاف قرار دیا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے بھی بار بار مداخلت پر سخت نوٹس لیا اور ملزمان کے وکلا کو مداخلت سے باز رہنے کی ہدایت کی گئی۔