سرگودھا (آئی این پی )ووٹوں کی گنتی کے دوران ہنگامہ آرائی کیس میں درخواست ضمانت مسترد ہونے پر لیگی ایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی عدالت سے فرارہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سرگودھا میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج ہونے والے مقدمے کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی کے وکلا کی طرف سے عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے درخواست دائر کی گئی، مقدمہ کی سماعت کے دوران ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی اور سرکاری وکلا نے درخواست ضمانت پر بحث کی جس
کے بعد عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کہ دن 12 بجے سنایا گیا۔عدالت نے فیصلے میں ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کا حکم دے دیا تاہم محفوظ فیصلہ سنائے جانے سے قبل ہی ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی احاطہ عدالت سے نکل جانے میں کامیاب ہوگئے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف الیکشن کے بعد ووٹوں کی گنتی کے دوران عدالت میں ہنگامہ آرائی کرنے اور قومی اداروں کے خلاف نعرے بازی کرنے پر انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیاہے۔